طویل خشک سالی کے بعد عوام کی دعائیں قبول ہو گئیں، آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں رات تین بجے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
قدرت کی رحمت برسی اور طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ جہلم ویلی کے مختلف علاقوں، بشمول وادی لیپہ، داؤکھن، ریشیان، پانڈو، کھلانہ، سینا دامن، چکار اور سدھن گلی میں برف باری، جبکہ میدانی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ موسم کی اس تبدیلی کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
جہلم ویلی میں جاری خشک سالی کے باعث قدرتی چشمے خشک ہو چکے تھے، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ پانی کی قلت کے باعث تین پاور ہاؤس بھی بند ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ تاہم، اگر بارش کا یہ سلسلہ دو دن تک جاری رہا تو خشک چشمے دوبارہ روانی اختیار کر سکتے ہیں، جس سے پانی کی قلت میں کمی کا امکان ہے۔