پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا،آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی یا حکومت کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ صدر آصف زرداری کریں گے، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے متوقع امیدوار کا نام بھی صدر آصف زرداری فائنل کریں گے ۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی گروپ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں ۔
بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں کے درمیان وادی کی سیاسی صورتِ حال سے متعلق بات چیت اورعوامی مسائل اور ان کے حل پر بھی تبادلہ خیال ہوا جب کہ تنظیمی انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے پر بھی روز دیا گیا ۔
بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں نے سیاسی صورت حال پر اپنی تجاویز سے آگاہ کیا، اس موقع پر راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ چودھری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چودھری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب اور سردار محمد یعقوب خان بھی شریک تھے ۔
دوسری جانب اجلاس میں طے ہوا کہ آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی یا حکومت کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ صدر آصف زرداری کریں گے، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے متوقع امیدوار کا نام بھی صدر آصف زرداری فائنل کریں گے ۔


