وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو ٹیکس کیسز میں جان بوجھ کر تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام کو معطل کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اہلکاروں کی معطلی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف انکوائری کے انعقاد کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں فوری اصلاحات کی ہدایت کی تھی اور اس عمل کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی ریونیو سے متعلق اربوں روپے کے کیسز ٹیکس ٹربیونلز میں زیر سماعت ہیں۔
وزیراعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ایسے کیسز جلد نمٹانے کی درخواست کی تھی۔ حال ہی میں، وزیر اعظم نے ان زیر التوا کیسوں میں سے ایک کا نوٹس لیا جس میں ایف بی آر کے وکیل نے التوا طلب کیا تھا اور متعلقہ حکام کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے مشاہدہ کیا کہ اربوں روپے کے ٹیکس کے معاملات پر مشتمل ایسے کیسز زیر التوا ہونے سے قومی خزانے کو نقصان ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز نے واضح کیا کہ وہ ایسے قانونی معاملات کی پیروی میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کریں گے اور قوم کے ساتھ اپنے عہد کے تحت ٹیکس اصلاحات کی نگرانی جاری رکھیں گے۔