پاکستان پیپلز پارٹی کی ایم این اے نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو وفاقی بجٹ پر بریفنگ نہیں دی گئی.
ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے بجٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحفظات حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم بات چیت سے معاملات طے کریں گے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ہمارے سامنے بجٹ پر حکومت کی حمایت نہ کرنے کا کوئی آپشن نہیں ہے۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا تھا کہ پارٹی نے ابھی بجٹ کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ کرنا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور آئندہ سالانہ بجٹ 2024-25 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کی پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ سالانہ بجٹ میں کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم کو قومی ترقی اور مالیاتی اہداف کے حصول کے لیے اپنی حمایت کا بھی یقین دلایا۔