پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مودی کا بیان خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کےمترادف ہے، جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا جھوٹ ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات سیاسی موقع پرستی کے عکاس اور خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کےمترادف ہیں ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پر عزم ہے،جنگ بندی کئی دوست ممالک کی کاوشوں سے ممکن ہوئی، جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا جھوٹ ہے ، پاکستان پر مایوسی اور ناکامی میں سیز فائر مانگنےکا الزام سراسر جھوٹ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا انسداددہشت گردی میں کردار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتےہیں ،بھارت کو علاقائی استحکام اور اپنےعوام کی فلاح وبہبود کو ترجیح دینی چاہیے ۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات لگا کر بھارت نے بلا جواز اور غیر قانونی جارحیت کا مظاہرہ کیا، اس کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لیکن بھارت نے اس کے جواب میں پاکستان کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر کشیدگی کو مزید بڑھا دیا، جس سے پورے خطے کو خطرناک تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی اقدامات ایک خطرناک مثال قائم کر رہے ہیں، جو جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، بھارت اپنی کارروائیوں اور عورتوں و بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل کو "نارمل” قرار دے کر خطے کے امن کو دائمی خطرے میں ڈال رہا ہے ۔
دفتر خارجہ ک ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس گمراہ کن سوچ کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، "نارمل” یہی ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور عالمی قوانین کا احترام کیا جائے، جیسا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں ثابت کیا ۔
Pakistan rejects Indian Prime Modi’s statements