پاک فوج نے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ‘فتح ٹو’ توسیع شدہ رینج (ای آر) کا کامیاب تجربہ کرلیا، آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ٹو توسیع شدہ رینج میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایونکس سے لیس ہے اور پرواز کے دوران اپنا راستہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی کے مطابق یہ میزائل دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو باآسانی ناکام بنا سکتا ہے اور انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی رینج میں اضافے سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی اور دور دراز اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا ۔
اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور اعلیٰ تکنیکی مہارت کو سراہا ۔
صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔


