لوئر کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر کار گہری کھائی میں جاگری۔جس کی وجہ سے کم از کم تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایک گاڑی باجوڑ سے گلگت جاتے ہوئے لوئر کوہستان کے علاقے کھوکیال جیجال کے قریب پہنچی تو سڑک کی پھسلن کے باعث ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول کھونے کے بعد سے گاڑی سیدھا گہری کھائی میں جاگری۔
ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کر دیا۔ مقامی لوگ بھی امدادی سرگرمیوں میں شامل ہو گئے اور کچھ کوششوں کے بعد کار کے ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
بعد ازاں لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتن منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ تینوں افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حیات محمد ولد رحمان سید، امان اللہ ولد عبدالحق اور قاری عبدالمجید ولد عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے۔
اس سے قبل راولاکوٹ میں آزاد پتن پانا پل کے قریب مسافروں کو لے جانے والی کوسٹر کھائی میں گرنے سے 23 افراد جاں بحق،اور ایک فرد زخمی ہو گیا۔کمشنر راولاکوٹ کے مطابق کوسٹر راولپنڈی سے راولاکوٹ جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔