عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ابھی تک کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا۔
دبئی میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس کا کہا تھا کہ آئی سی سی پاکستان سمیت اپنے رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہا ہے،چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔ ان کے مطابق ابھی تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا ہے۔
جیوف ایلارڈائس کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ چیلنجز کے باوجود انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شریک ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیےتیار ہیں۔
انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر آئی سی سی کے اعتماد پر زور دیا اور عالمی کرکٹ کی ترقی اور بین الاقوامی مشغولیت کو آگے بڑھانے کے لیے تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا۔