باغ: بریگیڈ کمانڈر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاک فوج اپنے شہید آفیسران،جوانوں اور غازیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی ہے۔ 1971کی جنگ کے ہیرو لانس نائیک سید وکیل حسین شاہ کی جرات،بہادری اور سرفروشی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ تمغہ جرات کے حامل لانس نائیک وکیل حسین شاہ کی عسکری خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔
مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر دائمی امن کا قیام ممکن نہیں کشمیری شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 1971کی جنگ کے گمنام ہیرو لانس نائیک وکیل حسین شاہ سمیت ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لیفٹینٹ کرنل رشید احمد آفریدی،میجر رافع،کیپٹن عثمان،نائب صوبیدار نیر مسعود،سید نصیر گردیزی،بھی موجود تھے۔
سید نصیر نے بریگیڈ کمانڈر مسعود خان کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر وکیل حسین شاہ نے دسمبر1971کو چٹی بٹی پوسٹ پہ بھارتی فوج کے اچانک کیے گئے حملے اور اس حملہ کو ناکام بنانے کے لیے انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر جرات وبہادری کی جو لازوال داستان رقم کی اس کے بارے میں کو تفصیلات کے ساتھ آگاہ کیا۔ کمانڈر مسعود خان نے وکیل حسین شاہ کی جرت وبہادری وشجاعت پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کو لانس نائیک وکیل شاہ جیسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ یقیناً جرات وبہادری کی جو داستان انہوں نے اپنے لہو سے رقم کی ہے وہ ہمارے دلوں کو ہمیشہ گرماتی رہے گی۔ اس موقع پر انہیں پاک آرمی کی طرف سے خصوصی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔