کرم میں خوراکی سامان کے قافلے پر حملے میں ملوث 18 دہشت گردوں اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، کوہاٹ کے ڈی آئی جی عباس مجید مروت کے مطابق ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا اور دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشن جاری ہے ۔
ڈی آئی جی کوہاٹ ڈویژن عباس مجید مروت نے بتایا کہ لوئر کرم کے علاقوں، بگن، مندوری، اوچت اور قریبی دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا ۔
ڈی آئی جی کوہاٹ نے بتایا کہ آپریشن میں اب تک 18 دہشت گرد اور ان کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے ، گرفتار دہشتگردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، جن سے مزید تفتیش جاری ہے ، آپریشن ان شدت پسندوں کے خلاف کیا جا رہا ہے جنہوں نے چند روز قبل ضلع کرم جانے والے قافلے پر حملہ کر کے خوراک کے قافلے کو لوٹ لیا تھا ۔
ڈی آئی جی نے یہ بھی کہا کہ کرم، ہنگو اور کوہاٹ میں ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں صوبائی حکومت نے جن کے سر کی قیمت مقرر کی ہے ، چند روز قبل ان شرپسندوں نے کرم ملیشیا کے قافلے پر فائرنگ کی تھی جس میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید اور زخمی ہوئے تھے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد ان علاقوں میں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے اور مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ضلع کرم اور ہنگو کے سرحدی پہاڑوں میں بھی آپریشن جاری ہے ۔