کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے لیے کارروائی کرنے پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہوگئے ۔
ترجمان کوہاٹ پولیس نے کہا کہ پولیس کی مزید گاڑیاں بھی جائے وقوع کی طرف روانہ ہوگئیں، دہشت گردوں کی طرف سے پولیس پر کئی گھنٹوں تک فائرنگ جاری رہی جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں موجود ہے ۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقہ دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے واقعے میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 شدید زخمی ہوگئے ۔
پولیس پر حملے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پی آر او پولیس نے کہا کہ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان، سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں، شہدا کی تعداد 10 ہوگئی ۔
ریسکیو حکام کی جانب تصدیق کی گئی ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں مجموعی طور پر 10 اہلکاروں شہید جب کہ 11 زخمی ہوئے ہیں، دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور شہادتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لیا ہے ۔
گورنر نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے، پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں ۔


