خان پور: امریکی سفارت خانے کے اعلیٰ سطحی وفد نے علاقہ جولیاں اسٹوپہ کا دورہ کیا، وفد نے جولیاں میں واقع ہزاروں سال پرانی بدھ مت تہذیب کے اہم آثار کا تفصیلی معائنہ کیا ۔
اس موقع پر ریجنل آفیسر آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ ہزارہ ڈویژن سید نیاز حسین شاہ، اسسٹنٹ ریسرچ آفیسر عالم وزیر اور راجہ عدنان نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا ۔
وفد نے جولیاں اسٹوپہ میں موجود تاریخی ورثے کا تفصیلی جائزہ لیا اور نایاب آثار قدیمہ کو انتہائی قیمتی ثقافتی خزانہ قرار دیا ۔
وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ نے نہ صرف ان مذہبی عبادت گاہوں کی حفاظت کی ہے بلکہ ان کی بحالی اور دیکھ بھال کے ذریعے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے میں بھی قابل تحسین کردار ادا کیا ہے ۔
امریکی وفد کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے بین الاقوامی سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی جس سے نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت بھی مستحکم ہوگی ۔
انہوں نے حکومت خیبرپختونخوا کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں ثقافتی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔