اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور نئے وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور مشیروں نے وفاقی کابینہ کے اراکین کی حیثیت سے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ۔
ایوان صدر میں نئے وفاقی وزرا اور دیگر اراکین کی حلف برداری کی تقریب ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وفاقی وزرا سے حلف لیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر وفاقی وزرا موجود تھے ۔
وفاقی کابینہ میں مزید 13 وزرا اور 11 وزرائے مملکت کی شمولیت ہوئی ہے، جس کے بعد وفاقی کابینہ کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے ۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری،حنیف عباسی، معین وٹو، سردار یوسف، علی پرویز، شزہ فاطمہ،مصطفیٰ کمال، جنید انور، خالد مگسی، پیر عمران شاہ، اورنگزیب کھچی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج نے بطور وفاقی وزرا حلف لیا ۔
بیرسٹر عقیل ملک، ملک رشید، ارمغان سبحانی، طلال چودھری، کھیئل داس، رحمان کانجو، بلال کیانی، مختار بھرت، شذرہ منصب، انور چودھری اور وجیہہ قمر نے بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا ۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ،توقیر شاہ اور محمد علی نے وزیر اعظم کے 3 مشیروں کے عہدے کا حلف لیا ۔