یاد گار شہداء پولیس کی افتتاحی تقریب، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔ سلامی کے بعد مہمان خصوصی چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مزار نے آئی جی پی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
واضح رہے کہ شہداء پولیس کی پرانی یادگار کی جگہ پر آئی جی پی افضل محمود بٹ کی خصوصی دلچسپی پر نئی یادگار تعمیر کی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد مہمان خصوصی اور آئی جی پی گلگت بلتستان نے سنٹرل پولیس آفس میں چیری کے پودے لگائے۔ شجر کاری کے بعد مہمان خصوصی نے بریفنگ میں شرکت کی۔
ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نوید احمد نثار خواجہ نے جی بی پولیس کے آرگنائزیشن، جرائم کی شرح، ٹریننگ، خنجراب سکیورٹی فورس، ٹوریسٹ پولیس، سیف سٹی اور آٹومیشن آف جی بی پولیس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور ٹریفک قوانین کی آگاہی مہم کے دوران پولیس کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نوید احمد نثار خواجہ، ڈی آئی جی فرمان علی، ڈی آئی جی فرخ رشید، ڈی آئی جی راجہ مرزا حسن، ڈی آئی جی سلطان فیصل، اے آئی جی طفیل احمد میر، اے آئی جی عبد الروف، ایس ایس پی حسن علی، ایس ایس پی طاہرہ یعسوب، ایس ایس پی آفتاب عالم اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔