پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے انتخابی نتائج سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے مسلم لیگ (ن)، پی پی پی یا ایم کیو ایم پی کے ساتھ اتحاد کے کسی تصور کو مسترد کردیا اور پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو ہدایت کی کہ وہ مبینہ دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں۔
پاکستان کے اگلے وزیر اعظم کا حوالہ دیتے ہوئے عمران نے کہا کہ اگلے وزیر اعظم کی نامزدگی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور اس پر غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ انتخابات کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور ملک کا استحکام اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی ملک کے سنگین حالات کا واحد حل ہیں۔