گلگت: گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان رولز آف بزنس 2009 میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت "ڈائریکٹوریٹ آف لوکل گورنمنٹ” کا نام تبدیل کر کے "سینئر ڈائریکٹر آف سنٹرل ڈائریکٹوریٹ” رکھا جائے گا۔
یہ ترمیم سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ (LG&RD) ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی روشنی میں کی گئی، جس میں اس عہدے کی تخلیق اور منظوری کی سفارش کی گئی تھی۔ ترمیم کے تحت اب بی ایس-20 گریڈ کا ایک نیا سینئر ڈائریکٹر تعینات کیا جائے گا، جس کی باقاعدہ منظوری فنانس ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے پہلے ہی دے دی ہے۔ اس فیصلے کو انتظامی امور میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو کہ لوکل گورنمنٹ کے معاملات کو مزید مؤثر انداز میں چلانے میں مدد دے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، اس ترمیم سے لوکل گورننس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔