جہلم (رائے یُوسُف رضا دھنیالہ) تحصیل دینہ کے گاؤں بھرٹہ، نزد کالووال میں شبِ برات کو رات کے سوا آٹھ بجے کے لگ بھگ سپین سے آئے ہوئے جمیل گجر نے اپنے سگے بھائی ظہیر گجر کے ہمراہ اپنے ہی گاؤں کے دو مردوں اور دو عورتوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
مرنے والوں میں مُبشر گجر، اُس کا بہنوئی ابرار گجر اور مبشر کی بہن اور والدہ شامل ہیں۔ مرنے اور مارنے والے ایک ہی برادری اور ایک ہی گلی محلے کے رہائشی ہیں۔ مقتول ابرار منگلا واپڈا میں ملازم جبکہ مبشر جہلم کچہری میں ایک وکیل کا منشی تھا۔ وجہ عناد چند دن پہلے دونوں پارٹیوں میں میں ہونے والی تکرار اور آپس کی تلخی تھی۔
چار افراد کے المناک قتل کی اطلاع سنتے ہی تھانہ منگلا کینٹ کی پولیس اور ریسکیو 1122 کی گاڑیاں بھرٹہ گاؤں میں پہنچیں اور چاروں مقتولین کی نعشیں اپنی تحویل میں لے کر قانونی کاروائی شروع کر دی۔ ڈی پی او جہلم نے پولیس کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی خصوصی ہدایت کی ہے تاکہ قاتل جمیل گجر سپین فرار ہونے میں کامیاب نہ ہو سکے۔