پاکستان کی مشہور اداکارہ دُر فِشاں سلیم نے ساتھی فنکار بلال عباس کے ساتھ خفیہ نکاح کی خبروں پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔ دُر فِشاں سلیم ڈرامہ سیریل عشق مرشد، کیسی تیری خود غرضی اور جیسے آپ کی مرضی جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت چکی ہیں۔
ڈرامہ عشق مرشد میں اُنہوں نے بلال عباس کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا، اور اس جوڑی کو مداحوں نے بے حد پسند کیا۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب اُن سے پوچھا گیا کہ بلال عباس کے ساتھ ان کے خفیہ نکاح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، تو اس پر اداکارہ نے پہلی بار کھل کر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں جو کردار آپ کو ملتا ہے، اُس میں ڈوب جانا ہی اصل میں اُس کردار کو زندگی دیتا ہے۔ عشق مرشد چونکہ ایک رومانوی کہانی تھی، اس لیے میرا اور بلال کا ایک دوسرے کے ساتھ کمفرٹ لیول میں ہونا ضروری تھا۔
دُر فِشاں نے وضاحت کی کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کو ہمیشہ نجی رکھتی ہیں۔ نکاح سے متعلق جو خبریں گردش کرتی رہیں، وہ درست نہیں تھیں۔ اُن کے مطابق نجی رکھنے اور خفیہ رکھنے میں فرق ہوتا ہے، اور شادی جیسے معاملے کو طویل عرصے تک چھپانا ممکن نہیں ہوتا۔