بنگلادیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہرے اور سول نافرمانی کے باعث شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کر بھارت روانہ ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کے تمام طلبا کی جانب سے آج ڈھاکہ کی طرف مارچ کا اعلان کیا گیا تھا اور ہزاروں کی تعداد میں طلبا حسینہ واجد کے گھر کے باہر پہنچ گئے تھے۔ جس کے باعث شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کراپنی بہن کے ساتھ خصوصی طیارے میں ہندوستان روانہ ہوگئیں جبکہ انہیں مستعفی ہونے سے پہلے تقریر بھی ریکارڈ کرانے نہیں دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد بھارت پہنچ گئیں ہے جہاں سے وہ فن لینڈ جائیں گی۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کو فوج کی طرف سے مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔
ہزاروں کی تعداد میں مشتعل مظاہرین اس وقت حسینہ واجد کے سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر موجود ہیں۔
دوسری طرف ملک کی آرمی چیف نے عوام سے پُرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش میں ہونے والے مظاہروں میں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے تھے اور ہزاروں زخمی ہیں ۔