(اسلام آباد، زین ہاشمی) : ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے ضیاء مسجد کے عقب میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہر میں مجموعی طور پر 5 منڈیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ منڈیوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور لائیو سٹاک کی ٹیمز منڈیوں میں 24 گھنٹے موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ "گزشتہ سالوں کی طرح اس سال جانوروں کی کوئی بیماری رپورٹ نہیں ہوئی۔منڈیوں میں صاف پانی اور چارے کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے اور بیوپاریوں کی شکایات کے لیے کمپلینٹ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں”۔
منڈیوں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کے درپیش مسائل کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ اس دفعہ ایکسپریس ہائی وے سمیت کسی جگہ ٹریفک بلاک نہیں ملے گی۔5 جگہوں کے علاوہ کسی جگہ منڈی لگائی گئی تو ہم نے فوری کاروائیاں کی ہیں۔ اسکے علاوہ غیر قانونی منڈیوں کے خلاف عید تک کاروائیاں جاری رہیں گی اور عید کے تینوں روز مجھ سمیت تمام افسران سڑکوں پر ہونگے۔ آلائشیں اٹھانے سے متعلق انکا کہنا تھا عید کے بعد آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے 56 مقامات پر 103 ڈمپنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی کوشش ہوگی کہیں آلائشیں نظر نہ آئیں۔