نگراں وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت اربن موبلٹی پلان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیے اسلام آباد میں اجلاس منعقد۔
اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، پلاننگ کمیشن اور دیگر وفاقی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔شرکاء کو اجلاس میں ہزارہ موٹروے کو ایبٹ آباد شہر سے ملانے کے لیے حویلیاں سے قلندرآباد تک این ایچ اے روڈ کو دوہری بنانے کے منصوبے اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ این ایچ اے نے ایبٹ آباد اور شیروان روڈ کو ملانے کے لئے انٹرچینج تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے جبکہ سی ڈی ڈبلیو پی نے مذکورہ انٹرچینج کے لئے پی سی ون کی منظوری بھی دیدی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلائی اوور اور ٹنل کی تعمیر بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد شہر میں گاڑیوں کی ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے این اے 35 کو حویلیاں سے قلندر آباد تک دوہری کرنے کے منصوبے کو تین مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ کی جانب سے این ایچ اے اور متعلقہ صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ طور پر ایبٹ آباد شہر کا دورہ کریں اور مذکورہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دیں۔