مسلح افواج کی جانب سے نشانِ حیدر پانے والے سوار محمد حسین شہید کی 54 ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے چیفس نے شہید کو ان کی لازوال بہادری پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شہید کو ان کی لازوال بہادری پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 1971 کی جنگ کے دوران ظفر وال شکر گڑھ سیکٹر میں سوار محمد حسین شہید نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے پیش قدمی کرتے بکتر بند دستوں کی نشاندہی کی اور ری کوئلس رائفل عملے کی رہنمائی کرتے ہوئے متعدد بھارتی ٹینک تباہ کروائے، ان کی بہادری سے محاذ پر صورتحال پاکستان کے حق میں بدل گئی ۔
اسی دوران دشمن کی فائرنگ سے وہ جامِ شہادت نوش کر گئے اور تاریخ میں وطنِ عزیز پر جان قربان کرنے والوں کی صف میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سوار محمد حسین شہید کی قربانی اس عزم کی روشن علامت ہے کہ مادرِ وطن کی خود مختاری اور سلامتی کے لیے ہر قیمت چکائی جائے گی۔ ان کی جرات، بہادری اور فرض شناسی آج بھی پاک فوج کے جوانوں کے حوصلے بلند کرتی ہے ۔
مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اپنے اس بہادر سپوت سمیت تمام شہدا کے ایثار و قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ شہدا کی بہادری، وفاداری اور وطن سے غیر متزلزل محبت پاکستان کے محفوظ اور مضبوط مستقبل کی ضمانت ہے ۔


