راولپنڈی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی راجہ فیصل رشید نے سابق رکن صوبائی اسمبلی عدنان چوہدری کے قتل کے مقدمہ میں نامزد رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری اور ان کے بھائی سمیت 4 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔
گزشتہ روز سماعت کے موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری، ان کے بھائی اسامہ چوہدری، چوہدری چنگیز خان اور محمد ظہور عدالت میں پیش ہوئے جہاں پر عدالت نے ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے فرد جرم میں عائد الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے مقدمہ کے ٹرائل کے لئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی یاد رہے کہ 12 فروری کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر کے سامنے انیکسی چوک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عدنان چوہدری پر اس وقت فائرنگ کر دی تھی جب وہ اپنے ڈرائیور کے ہمراہ جارہے تھے عدنان چوہدری گردن، سینے اور چہرے پر گولیاں لگنے سے موقع پرجاں بحق ہو گئے تھے جبکہ تھانہ سول لائنز پولیس نے 13جنوری کومقتول چوہدری عدنان کے برادر نسبتی کی مدعیت میں 5افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302/34 اور 109کے تحت مقدمہ نمبر 253درج کیا تھا۔