وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے گزشتہ رات ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے زخمی شہریوں کی عیادت کی ۔
اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ سینئر وزیر وقار احمد نور، وزراء چودھری اظہر صادق اور نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے ۔
چودھری انوارالحق نے دورے موقع پر ہسپتال وارڈز، طبی سہولیات اور ادویات کا جائزہ لیا اور خون کے عطیات، بیڈز اور سٹاک کا تفصیلی معائنہ بھی کیا ۔
ایم ایس ڈاکٹر محمد منصور اور ڈی ایچ او ڈاکٹر ارم بتول نے اس موقع پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی،چودھری انوارالحق نے اضافی بیڈز کی فراہمی اور طبی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں وزیراعظم اور وزراء عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، زندگی اور موت اللہ کے اختیار میں ہے، متاثرین کو فوری مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ لواحقین کو امدادی چیکس فراہم کیے گئے ۔
وزیراعظم چودھری انوارالحق نے اس سے قبل بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کا زمینی معائنہ کیا گیا اور کہا کہ عوام کا حوصلہ بلند ہے، پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
چودھری انوارالحق کا کہنا تھا کہ بھارت ایک بزدل دشمن ہے، کشمیری عوام کے جذبے کو سلام ،ہماری افواج پروفیشنل انداز میں مادر وطن کا دفاع کر رہی ہیں،اللہ ہمارے بہادر جوانوں کی حفاظت فرمائے ۔