خصوصی افراد پاکستان کی آبادی کا تقریباً 12 فیصد حصہ ہیں. معذوری کے حامل افراد کو قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ایک کامیاب معاشرے کے لیے ضروری ہے۔ چوہدری انوار الحق کا کہنا ہے کہ حکومت ریاستی سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے 5 فیصد ملازمت کے کوٹے پر 100 فیصد عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد جموں کشمیر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے 5 فیصد ملازمت کے کوٹہ پر 100 فیصد عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ حکومت معذور بچوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور انہیں ضروری تعلیم اور دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ حکومت زندگی کی دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کو معاشرے کا محنتی اور خود انحصار شہری بننے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
"اخوت پروگرام کے ذریعے وزیر اعظم کی روزگار سکیم کے تحت خصوصی افراد بھی قرضے حاصل کرنے کے اہل ہوں گے”۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ سب سے اہم ترجیح انہیں باوقار اداروں سے تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمت کے مواقع کے لیے تربیت فراہم کرنا ہوگی۔ وزیر اعظم نے اسکولوں میں بریل سسٹم متعارف کرانے کا بھی وعدہ کیا، جس سے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کو اپنے ساتھیوں کی طرح سیکھنے اور ترقی کرنے کا موقع ملے گا۔