لاہور: چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں شامل افغانستان اور آسٹریلیا کا اہم میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا گیا،دونوں ٹیموں کو ایک ، ایک پوائنٹ دیدیا گیا، آسٹریلیا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 274 رنز بنائے ، افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اتل 85 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 67 رنز کی اننگز کھیلی ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے آسٹریلیا نے 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا اور پھر میچ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ختم کردیا گیا ۔
دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گئے اور 4 پوائنٹس ہونے پر آسٹریلیا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ گروپ بی سے اب تک صرف آسٹریلیا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ آج انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی میں میچ کھیلا جائے گا ، جس کے بعد دوسری ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ بھی ہو جائے گا ۔
دوسری جانب گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور بھارت پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں جبکہ میزبان اور دفاعی چیپمیئن پاکستان اور بنگلہ دیش میگا اوینٹ سے باہر ہو چکے ہیں ۔