اسلام آباد میں غزہ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا ایک قاتل ملک ہے، اسرائیل کو امریکی پشت پناہی حاصل ہے، فلسطینی امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہم 26 اپریل کو ہڑتال کریں گے اور 27 اپریل کوآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ہمارے حکمران سوئے ہوئے ہیں، ہم نے کہا تھا امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کریں گے، حکمران طبقہ اسرائیل اور امریکا سے ڈرتا ہے اور حکمرانوں نے پورے اسلام آباد کو بند کر دیا تھا ۔
جماعتِ اسلامی کے امیر نے کہا کہ فلسطین سے ہمارا تعلق ایمان اور عقیدے کا ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جائے،یہ غزہ طوفان مارچ ہے نیتھن یاہو کہتے ہیں ہمارا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جو موت سے پیار کرتے ہیں، موت سے پیار کرنے والوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، فلسطین میں 48 گھنٹوں میں 50لاشیں دفن ہوتی ہیں، غزہ کی کامیابی دنیا بھر کے مظلوموں کی کامیابی ہے ۔
انہوں نے حکمرانوں کومتنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کا سوچنا بھی مت، اٹھو اور فلسطین کا مقدمہ لڑو، امریکا کو آج پیغام دیا، تم غلام ابن غلام ہو لیکن محمدﷺ کے غلاموں کو امریکا کی غلامی قبول نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے، ہم اعلان کریں تو کوئی کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکا،علماء کرام نے فتوی دیا ہے کہ جہاد کیلئے جائے اگر آج کے ملین مارچ سے حکمران نہیں جاگے تو کچھ اور کرنا ہوگا کچھ اور کیا کرنا ہے، مذمت اور بد دعائیں عام لوگوں کا کام ہے ۔