ایبٹ آباد میں حویلیاں موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا ہے، حادثہ میں خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے ، بدقسمت گاڑی گلگت بلتستان سے اسلام آباد کی طرف جارہی تھی ۔
ایبٹ آباد (مہر سیماب) ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حویلیاں ہزارہ موٹروے پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہوکر کار پر چڑھ گیا جس میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد میں خواتین بھی شامل ہیں ۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس اور ریسکیو کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، جنہوں نے مرنے والے تمام افراد کی لاشیں حویلیاں ہسپتال منتقل کیں ۔
ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ بدقسمت گاڑی گلگت سے اسلام آباد کی جانب جار ہی تھی کہ ڈمپر نے تیز رفتاری کے باعث کچل ڈالا ۔
دوسری جانب موٹر وے پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا اور ہولناک واقعہ کے متعلق تفتیش کا آغاز کردیا ۔