سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ پارٹی عوام میں اپنی مقبولیت کی وجہ سے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
اتوار کے روز مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیراہتمام ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء سے قبل ملک میاں نواز شریف کی قیادت میں شاندار ترقی کر رہا تھا جب ایک نااہل شخص کو قوم پر مسلط کر دیا گیا جس کی وجہ سے ملک معاشی اور اخلاقی بحرانوں کا شکار ہوا۔ اس دشمن نے اپنے اختیارات صرف اپوزیشن کو ذہنی اور جسمانی اذیتیں پہنچانے میں صرف کیے۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں اور دونوں ملکی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما نے اپنے پورے دور میں صرف ایک بیان پر عمل کیا کہ ’’میں اپوزیشن کو نہیں چھوٹوں گا‘‘ اور اسی وجہ سے وہ ملک میں کوئی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کر سکے۔