اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال اور آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے آج متعدد درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا کے علاوہ سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔
درخواست گزار ایڈووکیٹ یحییٰ فرید خواجہ نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے اور انہیں آن لائن خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، 31 اگست کو ابتدائی سماعت کے دوران عدالت نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ، وزارت قانون، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا ۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ 13 نومبر کو اس معاملے پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہو چکا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا ۔
دوران سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ 2020 کے سوشل میڈیا رولز سے متعلق درخواستیں غیرموثر ہو چکی ہیں، جس پر درخواست گزاروں کے وکلا نے اپنی درخواستیں واپس لے لیں ۔
بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو 2021 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواستوں پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ،اس درخواست کی اگست میں ابتدائی سماعت کے بعد پی ٹی اے اور نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس نے اکتوبر کے آغاز میں اپنے جوابات عدالت میں جمع کرائے تھے ۔


