گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی ذمہ دار خود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پالیسیاں ہیں، تاہم امن و امان کی صورتحال بحال ہوتے ہی اسے ختم کر دیا جائے گا ۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی معاملات ہاتھ سے نکلتے جا رہے تھے جس کے باعث یہ سخت قدم اٹھانا ضروری ہو گیا تھا، لیکن حالات معمول پر آتے ہی گورنر راج اٹھا لیا جائے گا،گورنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس محاذ پر کسی قسم کی غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ان کا اپنا سافٹ ویئر بالکل درست کام کر رہا ہے، دراصل پی ٹی آئی ترجمان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا ہے اسی لیے وہ آج کل ٹی وی اسکرینوں پر نظر آتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت نے انہیں بداخلاقی یا غیر مہذب زبان استعمال کرنے کی تربیت نہیں دی ۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مولانا ان کے آبائی علاقے سے ہیں اور وہ ان کا دل سے احترام کرتے ہیں، لیکن اگر ان کی کوئی بات اصولوں کے منافی ہو تو اس پر اختلاف بھی کیا جائے گا ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ریاست اور شہداء سے جڑے چند معاملات پر تحفظات ضرور تھے، مگر پی ٹی آئی کے رہنما ماضی میں مولانا کے خلاف جو نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں، انہیں اس پر معافی مانگنی چاہیے ۔
صوبے کی سیکیورٹی صورتحال بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چالیس روز سے دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور حال ہی میں پشاور کے مضافات میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے قیام تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا ۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس باہمی ہم آہنگی اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ ضرور جیتیں گے اور خیبر پختونخوا میں امن و خوشحالی کا دور واپس آئے گا ۔


