تربیلا توسیعی منصوبے میں پیش آنے والے حادثے کا وزیر آبی وسائل اور وزیراعظم آفس نے نوٹس لے لیا، واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے اِن ٹیک میں پیش آنے والے واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا ۔
دستاویزات کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ روپے تھی، جنوری 2026 تک منصوبے پر 153 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔
منصوبے پر ابتدائی منظور شدہ لاگت سے 71 ارب 59 کروڑ روپے زائد خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت 317 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے، تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے تحت 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل 3 یونٹ نصب کیے جانے ہیں ۔
دوسری جانب چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے اِن ٹیک میں پیش آنے والے واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا ۔
چیئرمین واپڈا نے منصوبے کے اِن ٹیک سٹرکچر، سرنگ، پاور ہاؤس اور دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا، اس موقع پر واپڈا کنسلٹنٹس، ٹھیکیدار اور واپڈا کی پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم نے صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی ۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے یا اس کے کسی بھی اہم حصے کی مضبوطی اور سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے ۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا ۔


