نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کو راولپنڈی میں ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس نے ان کے شوہر کو حراست میں لے کر مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا۔
راولپنڈی پولیس حکام کے مطابق ربیعہ احسن کی لاش اتوار کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر واقع ان کے گھر سے ملی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے ۔ ۔
پولیس حکام کے مطابق ربیعہ احسن کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ میں استعمال ہونے والا مشتبہ اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر احسن کا ابتدائی بیان سامنے آ گیا ہے جس میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ
حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ربیعہ کا قتل ہوا ۔
ذرائع کے مطابق ربیعہ نے احسن سے پسند کی شادی کی تھی، مقتولہ دو بیٹیوں کی ماں تھی، واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہنیں گھر میں موجود تھیں ۔


