آزاد کشمیر اور بیرون ملک مقیم کشمیری اور پاکستانی شہری سانحہ 6 نومبر 1947 کو شہدائے جموں کی یاد میں سیمینارز اور ریلیاں منعقد کر رہے ہیں ۔
مظفرآباد میں پاسباں حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام سینٹرل پریس کلب مظفرآباد سے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شہدائے جموں کی یاد میں منعقدہ ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
ریلی میں شریک شہریوں نے ’’شہدائے جموں کو سلام ہو سلام ہو‘‘ کے نعرے بلند کئے، شرکائے ریلی نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
اس موقع پر ریلی کے اجتماع سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ 6 نومبر 1947 کو مقبوضہ جموں میں لاکھوں مسلمانوں کی شہادتوں اور جبری ہجرت کا المناک سانحہ پیش آیا ۔
مقررین نے کہا کہ 6 نومبر 1947 کو مقبوضہ جموں میں ڈوگرہ فوجیوں، پٹیالہ فورسز، سکھ جتھوں اور راشٹریہ سیوک سنگھ کے دہشت گردوں نے مظلوم مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی، شہدائے جموں نے اپنے لہو سے تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ رقم کی، ریلی کے شرکاء نے شہر کی مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا ۔


