کرک میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے ڈی ایس پی عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
کرک پولیس حکام کے مطابق گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی، جس کے بعد دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا ۔
پولیس حکام نے بتایا کہ آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ ، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے اہلکار بھی سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں شریک تھے ۔
پولیس کے مطابق چرپیرا میں دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشتگردوں کیساتھ مقابلے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، سب انسپکٹر افضل اعوان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد نے جام شہادت نوش کیا ۔
شہید ہونے والے سب انسپکٹر افضل اعوان تھانہ لتمبر کے ایس ایچ او تھے، حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے۔ ایس پی آپریشنز، ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس افسران کارروائی میں شریک ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔


