اسلام آباد: ملک بھر کے منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔
21 سے 27 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 2 کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق مہم میں 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد مرد و خواتین پولیو ورکرز نے ذمہ داریاں سرانجام دیں۔
ستمبر کی یہ ذیلی قومی پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی گئی۔
ملک بھر کے 112 منتخب اضلاع میں مہم جاری رہی.
پنجاب کے تین اضلاع مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں انسدادِ پولیو مہم مؤخر کی گئی۔
نیشنل ای او سی نے پولیو مہم کے کامیاب انعقاد میں پولیو ورکرز، والدین اور کمیونٹی کے بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صوبائی و ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا گیا۔
نیشنل ای او سی نے شراکت دار اداروں اور میڈیا کے مؤثر تعاون اور معاون کردار کو بھی سراہا۔


