پی ٹی آئی کی مشکلات تھم نہ سکیں، ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے جن رہنماؤں کے خلاف نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج اور دیگر مختلف مقدمات میں عدالتوں کی طرف سے وارنٹس جاری کیے گئے تھے، انہیں اب گرفتار کیے جانے کا امکان ہے ۔
اسلام آباد: موصولہ اطلاعات کی رو سے، جنید اکبر اور عبدالغنی کے خلاف ڈی چوک دھرنے سے جڑے مقدمات کے پچھلے وارنٹس پر اب عمل درآمد کیا جائے گا، اسی طرح شبلی فراز، مراد سعید اور حماد اظہر کے سلسلے میں جوڈیشل کمپلیکس کے کیسز میں نکلنے والے عدالتی وارنٹس پر بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے مطلوبہ شخصیات میں زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی اور مینا خان آفریدی کے نام بھی شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کیخلاف فیض آباد دھرنے کے مقدمے کی قانونی کارروائی کو بھی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ان تمام ممکنہ گرفتاریوں کی بنیادی وجہ پرانی ایف آئی آرز اور پہلے سے جاری عدالتی احکامات ہیں، اس ضمن میں اسلام آباد پولیس کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ متعلقہ تھانوں میں نامزد اور مطلوب پی ٹی آئی رہنمائوں کے عدالتی وارنٹس پر ضابطے کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائے۔


