بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران مزید 12 دہشتگرد جہنم واصل کئے گئے،
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی اور بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ہی ضلع کھچی بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنا دیا ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، ٹھکانے پر موجود آئی ای ڈیز اور گولہ بارود موقع پر تباہ کر دیا گیا ۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کا علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں ۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی کارروائی کو سراہا ہے ۔
صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔


