فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ ایران مکمل ہوگیا جس میں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اہم ایرانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل ہوگیا، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیرِداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیرِداخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی ، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف،ایرانی وزیرِخارجہ وایرانی وزیرِداخلہ سے ملاقاتیں کیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے علاقائی امن اورتنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقۂ کار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ،ایرانی قیادت نے مذاکرات،کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُر امن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا ۔


