اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ برائے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم نے نہم اور دہم جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ طلبہ اپنے رول نمبر کے ذریعے وفاقی تعلیمی بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر نتیجہ دیکھ سکتے ہیں۔
نتائج کے اعلان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دی۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیمی میدان میں طالبات مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ اس سال بھی 10 میں سے سات ٹاپ پوزیشنز طالبات نے حاصل کی ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ تقریب طلبہ کی کامیابی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ آنے والے برسوں میں دنیا مزید تیزی سے تبدیل ہوگی۔ اس لیے نئی نسل کو علم، جدید تقاضوں اور قومی روایات کے درمیان توازن پیدا کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مستقبل میں تعلیم کا معیار کیا ہونا چاہیے، اس کا فیصلہ آج کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق وفاقی تعلیمی نظام کو ایسا مثالی نظام بننا چاہیے جس سے دوسرے صوبے بھی رہنمائی حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان ایک عظیم قوم ہے اور ملک کے تعلیمی نظام میں بھی اس عظمت کی عکاسی ہونی چاہیے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامیاب ہونے والے طلبہ اور ان کے والدین کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کا رزلٹ کیسے چیک کریں؟
طلبہ درج ذیل طریقے سے اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں:
- وفاقی تعلیمی بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ کھولیں۔
- Results کے آپشن پر جائیں۔
- SSC Part-I یا SSC Part-II منتخب کریں۔
- اپنا رول نمبر درج کریں۔
- سرچ یا سبمٹ بٹن دبا کر نتیجہ دیکھیں۔


