کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، تعطیلات کا اطلاق وفاقی و صوبائی سرکاری دفاتر، بینکوں اور تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر 9 اور 10 محرم الحرام 1448 ہجری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں 25 اور 26 جون کو دو روزہ عام تعطیل ہوگی۔ یہ چھٹیاں جمعرات اور جمعہ کے روز ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عام تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت ان تعطیلات کا اطلاق ملک بھر کے وفاقی اور صوبائی سرکاری دفاتر، بینکوں اور تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیلات ان اداروں پر بھی لاگو ہوں گی جو ہفتے میں 5 دن کام کرتے ہیں، جبکہ 6 روزہ شیڈول کے تحت کام کرنے والے ادارے بھی ان چھٹیوں میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ملک بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
پنجاب میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس، یعنی اے آئی، کی مدد سے محرم الحرام کا سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت حساس جلوسوں اور مجالس کا 10 سالہ سکیورٹی ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔ اسپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق محرم سکیورٹی کے لیے اے آئی بیسڈ پیشگی وارننگ سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے، جو ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 سالہ واقعاتی ریکارڈ کی بنیاد پر حساس جلوسوں کی نئی سکیورٹی گریڈنگ کی گئی ہے، جبکہ سکیورٹی تعیناتیوں کے فیصلے بھی ڈیٹا کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔
جلوسوں کے آغاز سے اختتام تک مرکزی کنٹرول روم کو ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی سہولت حاصل ہوگی، جس کے ذریعے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے تحفظ، مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں گے۔


