اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
گفتگو میں خطے اور دنیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے مسلسل ثالثی کردار اور امریکہ و ایران کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری خدمات کی تعریف کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم محمداسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے سفارت کاری اور مسلسل مذاکرات کو ہی بہترین راستہ سمجھتا ہے اور ان کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی اقدامات جلد مثبت نتائج دیں گے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گے۔
گفتگو میں پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔


