چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تہران: پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں ۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام، مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ رات ایران کے دورے پر تہران پہنچے تھے جہاں ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا ۔
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر ایران امریکہ امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششیں کریں گے، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے ۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی ایران میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایران کی کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور امریکہ کے ساتھ جاری تنازعات میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل اعلیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقات کریں گے جب کہ ایران امریکہ مذاکرات ،خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوگی ۔


