اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پُرامن، روادار اور متحد معاشرے کے قیام کے لیے عملی اقدامات کے لئے پُرعزم ہے جہاں ہر شہری بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب با وقار زندگی گزار سکے۔
پُرامن باہمی طرز زندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ہم آواز ہو کر پُرامن باہمی طرز زندگی کا عالمی دن منا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک پُرامن، ہم آہنگ اور متحد معاشرے کی تعمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ملکی سطح پر ایسے سماجی ماحول کی تشکیل جو امن کے فروغ کا باعث ہو بلا شبہ ہماری بصیرت افروز قومی وراثت اور آئینی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان پُرامن، روادار اور متحد معاشرے کے قیام کے لیے عملی اقدامات کے لئے پُرعزم ہے جہاں ہر شہری بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب با وقار زندگی گزار سکے۔
آئین پاکستان بھی ہر نوعیت بشمول صوبائی، نسلی، فرقہ وارانہ اور علاقائی تعصبات کے خلاف آئینی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف زبانوں،کثیر الجہتی ثقافتوں، مسالک،اور تہذیبی روایات کا حامل ملک ہے، اور یہ سماجی و انفرادی تنوع پاکستان کی معاشرتی مضبوطی کا مظہر ہے۔
قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ’”پیغامِ پاکستان” سمیت مثبت قومی بیانیہ کا مقصد فکری، اور عملی انتہا پسندی کا خاتمہ ہے۔


