پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گورنر کو ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں اے ڈی ایس کے تحت 100 اور 180 روزہ ترقیاتی اہداف، منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے گورنر کو آگاہ کیا گیا۔
گورنر کو نامزد اضلاع میں ایکسیلیریٹڈ امپلی منٹیشن پروگرام سمیت صحت، تعلیم، سماجی و معاشی ترقی، سکیورٹی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نامزد اضلاع کی ترقی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔
نامزد اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایجوکیشن سٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں.
منصوبہ بندی سے وہاں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید تعلیمی سہولیات کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
گورنر نے کہا کہ نامزد اضلاع میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایس آئی یو ٹی ہسپتال کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بٹراسی سکاؤٹس کیڈٹ کالج کی ایک شاخ قائم کی جائے گی۔


