کوہاٹ: خیبر پختونخوا میں گزشتہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کے اہم شواہد سامنے آگئے ہیں۔
11 نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگرد حملے میں پولیس کے بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت بطور افغان شہری مکمل ہو گئی ہے۔
دیگر چار دھشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
شناخت کیے گئے افغان دہشتگرد کی پرانی تصویر کابل میں افغان طالبان سرغنہ کے پرسنل گارڈ کے طور پر ہوئی ہے۔
دیگر دہشتگردوں کی تصاویر اور دستیاب معلومات کا تجزیہ کر کے ان کی شناخت کے لیے بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کام جاری ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ افغانستان جا رہا تھا۔
کوآرڈینیٹر وزیراعظم اختیار ولی نے بھی سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو یوتھ کمیٹی میں شامل کر کے غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال کیے جانے کا انکشاف کیا۔
اختیار ولی کے مطابق دہشتگرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ بیرون علاقے سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی گزشتہ حکومت، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان خیبر پختونخوا میں غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث رہے ہیں۔
موجودہ صوبائی حکومت کے افغان سرپرستی میں دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف اقدامات عوامی وسائل کو لوٹنے والوں کے لیے دوٹوک پیغام ہیں۔


