وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت ریلوے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیرِ ریلوے نے ہدایت دی کہ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر ایک جیسے معیاری بنچز نصب کیے جائیں تاکہ مسافروں کو یکساں سہولت فراہم ہو سکے۔ انہوں نے لاہور اور کراچی کی طرز پر دیگر ریلوے اسٹیشنوں کی صفائی کا نظام بھی آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ عوام ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس کو 30 جون تک اپ گریڈ کر دیا جائے گا جبکہ ہزارہ ایکسپریس کے ریک کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ گرین لائن، شالیمار ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس میں 15 اپریل تک سیکیورٹی کیمرے نصب کر دیے جائیں گے۔


