اقوام متحدہ پہلگام واقعے سے متعلق تفصیلی خصوصی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا آپریشن سندور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، بھارت نیک نیتی کے ساتھ سندھ طاس معاہدے پر عمل کرے، اقوام متحدہ نے بھارت سے باضابطہ وضاحت طلب کر لی ۔
اقوامِ متحدہ کے خصوصی ماہرین نے پاک بھارت کشیدگی اور مئی 2025 میں ہونے والی فوجی کارروائیوں پر ایک تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر سنگین قانونی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دینے پر زور دیا ہے ۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے اس حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی اور غیر جانبدار، شفاف اور بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔
خصوصی ماہرین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارت نے “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کی حدود میں فوجی طاقت استعمال کی، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی قرار دیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نے اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت سلامتی کونسل کو بروقت اطلاع نہیں دی، جو طے شدہ عالمی طریقۂ کار کی خلاف ورزی ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ثالثی کارروائیوں میں شرکت سے گریز کیا اور سندھ طاس معاہدے کے دائرۂ اختیار کو چیلنج کیا، بھارت سے وضاحت، ممکنہ تلافی و معذرت، معاہدے پر نیک نیتی سے عمل، اور انسانی نقصان روکنے کے اقدامات پر باضابطہ جواب طلب کیا گیا ہے ۔
خصوصی ماہرین نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر نیک نیتی سے عمل کرے اور پاکستان کے حقوق کی خلاف ورزی سے باز رہے، بھارت پانی میں رکاوٹ سے پیدا ہونے والے انسانی حقوق کی پامالی اور نقصانات روکنے کیلئے عملی اقدامات واضح کرے ۔
اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے مودی سرکار کو ایک سوالنامہ ارسال کیا، بھارت کسی سوال کا جواب نہیں دے سکا، بھارت سے پوچھا گیا کہ کیا بھارت کے پاس اپنے لگائے ہوئے الزامات کا کوئی ثبوت موجود ہے؟ کیا بھارت طاقت کے غیر قانونی استعمال کی وجہ سے انسانی زندگیوں کے نقصان کا ازالہ کرے گا اور اس پر معافی مانے گا ؟
پوچھا گیا کہ کیا بھارت سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریاں ادا کرے گا اور پاکستان کے قانونی حقوق اور بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کرے گا؟ کیا بھارت سندھ طاس معاہدے کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کی شقوں کی پاسداری کا ارادہ رکھتا ہے ؟


