خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے مین ایک سپاہی شہید ہوگیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 15 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کارروائی کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہنچادیا گیا ۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔
علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس/سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بلا تعطل مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے ۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہبازشریف نے آپریشن کے دوران 7 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور آپریشن کے دوران ارض وطن کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان، ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، پاکستانی قوم اپنے بہادر افسران و جوانوں کی ارض وطن کی خاطر عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔
وزیرِ اعظم شہباشریف نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔


