بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کی کارروائیاں تھم نہ سکیں، ضلع کیچ میں آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 جوانوں کی شہادت کے بعد سیکیورٹی فورسز کے سینی ٹائزیشن آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع کیچ کے جنرل ایریا شیر بندی میں گزشتہ روز آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 سیکیورٹی اہل کاروں نے جام شہادت نوش کیا ۔
شہید ہونے والوں میں لورالائی سے تعلق رکھنے والے کیپٹن وقار احمد، ڈیرہ غازی خان کے نائیک عصمت اللہ، سکھر کے لانس نائیک جنید احمد، مردان کے لانس نائیک خان محمد اور صوابی کے سپاہی محمد ظہور شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ، ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی ۔